شام کے حکام اور سرکاری میڈیا نے پیر کو اطلاع دی کہ ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شام میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت تباہ ہو گئی جس میں دو سینئر ایرانی فوجی رہنما اور متعدد دیگر افراد ہلاک ہو گئے۔
شام کے دو ٹیلی ویژن چینلز کے مطابق جن میں سے ایک ایرانی عربی زبان کا چینل العالم، اور دوسرا پین عرب چینل المیادین ہے، حملے میں ایرانی فوجی مشیر جنرل علی رضا زاہدی ہلاک ہو گئے، جنہوں نے 2016 تک لبنان اور شام میں ایلیٹ قدس فورس کی قیادت کی تھی۔ حملے میں زاہدی کے نائب، جنرل محمد ہادی ہجریہیمی اور پانچ دیگر افسران بھی مارے گئے۔
ایسا لگتا ہے کہ ایران کے سفارت خانے کے احاطے پر حملہ اسرائیل کی جانب سے شام میں ایرانی فوجی عہدے داروں اور ان کے اتحادیوں کو نشانہ بنانے میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے، جس نے ایران کے حمایت یافتہ حماس کے عسکریت پسندوں کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد شدت اختیار کر لی ہے۔
اس کے بعد سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے جو ایک اور ایسا عسکریت پسند گروپ ہے جسے ایران کی حمایت حاصل ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، سنا کے مطابق، حملے میں ایرانی قونصلیٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی، جب کہ اس کے سفارت خانے کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
Comments are closed.