روس :ماسکو میں دھماکے کے نتیجے میں نیوکلیئر اینڈ کیمیکل پروٹیکشن فورسز کے سربراہ ہلاک

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ ایک سینئر فوجی جنرل بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے افسر روسی نیوکلیئر اینڈ کیمیکل پروٹیکشن فورسز کے سربراہ تھے۔

روس کی ریڈیوایکٹو، کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل ڈیفنس کے لیے مخصوص فورس کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ایگور کیریلوف کو دارالحکومت ماسکو میں صدر کی سرکاری رہائش گاہ ’کریملن‘ سے صرف ساڑھے چھ کلو میٹر دور ایک رہائشی عمارت کے باہر بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بم دھماکہ ایک الیکٹرک اسکوٹر میں چھپائے گئے بارودی مواد میں ہوا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق دھماکے میں جنرل ایگور کیریلوف اور ان کے معاون کو قتل کیا گیا ہے۔

اس واقعے کی سرکاری طور پر جاری تصاویر میں نظر آ رہا ہے کہ ایک رہائشی عمارت کے باہر فٹ پاتھ پر برف کے اوپر دو لاشیں پڑی ہیں جب کہ عمارت کی دیوار پر بم پھٹنے سے پیدا ہونے والے نقصان کے سیاہ نشانات نظر آ رہے ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس سمیت کئی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جب کہ پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔

Comments are closed.