امریکہ بھارت کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کرے گا، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کو رواں برس سے ہی دفاعی سازوسامان کی فروخت میں اضافہ کیا جائے گا اور مستقبل میں اسے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف 35 بھی فراہم کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو اربوں ڈالر کا دفاعی سازوسامان فروخت کرے گا، جس سے ایف 35 طیاروں کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی۔

ایف 35 بھارت کی دفاعی قوت میں اضافہ کرے گا

ایف 35 طیارہ جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور ہدف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکہ نے یہ طیارے صرف چند قریبی اتحادیوں، جیسے اسرائیل، جاپان اور نیٹو ممالک کو فروخت کیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر بھارت کو ایف 35 طیارے ملتے ہیں تو اس کی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

طیاروں کی فراہمی کی حتمی تاریخ واضح نہیں

صدر ٹرمپ نے اپنے اعلان میں یہ واضح نہیں کیا کہ بھارت کو یہ طیارے کب فراہم کیے جائیں گے۔ ادھر نئی دہلی میں بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایف 35 کی خریداری ابھی تجویز کے مرحلے میں ہے۔

بھارت کے دفاعی اخراجات میں اضافہ

امریکی کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق بھارت اپنی فوج کو جدید بنانے کے لیے آئندہ دس برسوں میں 200 ارب ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے عسکری تعلقات خطے کی مجموعی اسٹریٹجک صورتحال پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔

Comments are closed.