آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے طلباء سے خصوصی گفتگو میں واضح کیا کہ پاک فوج اور قوم مل کر کسی بھی فتنے کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ملک کے نوجوانوں سے بات کرنا میرے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے۔ جب تک قوم خصوصاً نوجوان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی۔ ہم کامریڈ کی طرح لڑتے ہیں۔”
فتنہ الخوارج کے خلاف دو ٹوک مؤقف
جنرل عاصم منیر نے خوارج کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر اسلام کی غلط تشریح کر رہے ہیں اور دین سے خارج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروہ اسلامی تعلیمات کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اور ان کے خلاف ریاستی کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ “خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔”
ریاست کے سامنے سرنڈر کرنے والے رحم کی توقع کر سکتے ہیں
آرمی چیف نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت موقف برقرار رکھا جائے گا، لیکن جو عناصر ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیں گے، وہ رحم کی توقع کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
اسلام اور خواتین کے حقوق
جنرل عاصم منیر نے خواتین کے حقوق پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ “اسلام نے خواتین کو خصوصی حقوق دیے ہیں، اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ ان سے چھینے۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ “یہ خارجی عناصر کون ہوتے ہیں جو خواتین کے حقوق سلب کریں؟” ان کا کہنا تھا کہ “گمراہ گروہ کو ملک پر اپنے نظریات مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
پاک فوج کا عزم
آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی حفاظت اور ترقی کے لیے فوج ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق، پاکستانیت سب سے اہم ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments are closed.