امریکہ نے جنوبی افریقہ کے سفیر کو ‘ناپسندیدہ شخصیت’ قرار دے دیا، تعلقات مزید کشیدہ

واشنگٹن:
امریکہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر ابراہیم رسول کو ‘پرسونا نان گریٹا’ (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دے دیا گیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ “ابراہیم رسول اب ہمارے عظیم ملک میں خوش آمدید نہیں ہیں”۔

مارکو روبیو نے الزام عائد کیا کہ ابراہیم رسول ایک ایسے سیاست دان ہیں جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکہ کے خلاف نفرت انگیزی پھیلاتے ہیں اور ‘ریس بیٹنگ’ یعنی نسل پرستی پر مبنی سیاست کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ روبیو نے مزید کہا کہ “ہمیں اب جنوبی افریقہ کے سفیر سے کوئی بات نہیں کرنی، اس لیے انہیں ‘پرسونا نان گریٹا’ قرار دیا جا رہا ہے”۔

واشنگٹن میں موجود جنوبی افریقہ کے سفارت خانے نے اس بیان پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

امریکہ اور جنوبی افریقہ کے تعلقات میں تناؤ

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور جنوبی افریقہ کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔ حال ہی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے متنازع اراضی اصلاحات (Land Expropriation Act) کے باعث جنوبی افریقہ کی امریکی امداد معطل کر دی تھی، جس پر جنوبی افریقہ نے سخت ردعمل دیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر کو امریکہ سے نکالنے کے فیصلے سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

Comments are closed.