گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ ماہ سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ پچھلے ماہ مہنگائی کی شرح 0.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کو 26 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، جن میں سے 16 ارب ڈالر ری فنانس یا رول اوور کیے جائیں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان فرق میں کمی آئی ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ اب سرپلس میں ہے، جو کہ ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے 2022 کی صورتحال کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت معیشت کو شدید چیلنجز کا سامنا تھا۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا اور مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ پالیسیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے اور آئندہ دنوں میں یہ 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔
Comments are closed.