امریکا کا پاکستان اور بھارت پر کشیدگی کم کرنے پر زور، پہلگام واقعہ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد / واشنگٹن — امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے واقعے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس مسئلے پر دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو بغور دیکھ رہی ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ یہ معاملہ ذمہ داری کے ساتھ حل کیا جائے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کوچاہیے کہ وہ کشیدگی کو مزید نہ بڑھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے جلد رابطہ کیا جائے گا اور ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور موجودہ تناؤ کو سفارتی طریقے سے ختم کریں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ایک روز قبل بھی بھارت اور پاکستان سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی تھی۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ امریکا دونوں ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور پہلگام واقعہ پر دونوں فریقین کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

Comments are closed.