امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک-بھارت جنگ بندی کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم The Truth پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ تجارت کو “کافی حد تک” بڑھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی کے دوران لاکھوں معصوم جانیں خطرے میں تھیں، لیکن بروقت فیصلے اور دانشمندانہ قیادت نے حالات کو قابو میں رکھا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا:
“لاکھوں نیک اور معصوم لوگ مارے جا سکتے تھے، آپ کے دلیرانہ اقدامات نے آپ کی میراث کو مزید عظمت بخشی۔ مجھے فخر ہے کہ امریکہ اس تاریخی اور جراتمندانہ فیصلے تک پہنچنے میں مدد دے سکا۔”
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ اس بارے میں کوئی باقاعدہ بات چیت نہیں ہوئی، لیکن امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو “نمایاں طور پر” وسعت دینے جا رہا ہے، تاکہ خطے میں امن اور اقتصادی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کوشش کریں گے کہ “ایک ہزار سال” بعد شاید اس مسئلے کا کوئی پائیدار حل نکالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا:
“خدا پاکستان اور انڈیا کی قیادت کو کامیاب کرے، اس نے بہت اچھا کام کیا۔”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ شدید جھڑپوں اور فضائی حملوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔ اگرچہ فائر بندی کا اعلان ہو چکا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کرتے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان خطے میں امریکی اثر و رسوخ کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش ہے، اور تجارتی پیش رفت کے ذریعے واشنگٹن خطے میں قیامِ امن میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
Comments are closed.