اسلام آباد: سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ حج سے واپسی کی پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئی، جہاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔
استقبال کے موقع پر محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ حجاج کرام نے حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے حج انتظامات کو سراہا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ “اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت پاکستان نے حجاج کرام کو دورانِ حج بہترین سہولیات فراہم کیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے نتیجے میں حجاج کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہماری کوشش ہے کہ آئندہ سال حج انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ حجاج کرام کو ان کے اس اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”
وزارت مذہبی امور کے مطابق اسلام آباد کے بعد آئندہ دنوں میں لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Comments are closed.