بارسلونا، کاتالونیا میں وکلاء کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم بارسلونا (ICAB) کے حالیہ انتخابات میں کرسٹینا وییخو کو نئی ڈین منتخب کر لیا گیا۔ وہ ادارے کی تاریخ میں تیسری خاتون ہوں گی جو اس اعلیٰ منصب پر فائز ہوں گی۔ وییخو نے 3,446 ووٹ حاصل کر کے میدان مارا، جب کہ ان کی مکمل ٹیم نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔
ان انتخابات میں 24,100 سے زائد رجسٹرڈ وکلاء کو ووٹ ڈالنے کی دعوت دی گئی تھی، جن میں سے 3,855 نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا — جو کہ تقریباً 16 فیصد ٹرن آؤٹ بنتا ہے۔
نئی گورننگ باڈی میں خورخے نوارو کو وائس ڈین، کارلس گارسیا روکیتا کو سیکرٹری اور 13 دیگر ارکان کو منتخب کیا گیا ہے۔
اس انتخابی عمل میں بارسلونا میں مقیم پاکستانی وکلاء نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس وقت بارسلونا بار میں 7 پاکستانی نژاد وکلاء رجسٹرڈ ہیں، جو نہ صرف قانونی میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ کمیونٹی کی نمائندگی میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان وکلاء میں شامل ہیں۔ پاکستانی وکلاء فہیم ضیاء، حسنات مصطفیٰ، شرجیل طارق چوہدری، واصف محمد زمان، نامدار اقبال، عدنان بشیر راجہ، زہرہ بختاور نے ووٹ کاسٹ کئے
کمیونٹی حلقوں میں امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں مزید پاکستانی وکلاء بارسلونا بار کونسل میں رجسٹر ہوں گے، جس سے نہ صرف قانونی میدان میں پاکستانیوں کی موجودگی مضبوط ہوگی بلکہ ان کی آواز بھی زیادہ مؤثر طریقے سے سنی جا سکے گی۔
نئی منتخب ٹیم آئندہ دو ہفتوں میں اپنے عہدوں کا باقاعدہ چارج سنبھالے گی
Comments are closed.