ایرانی جھکنے والی قوم نہیں :آیت اللہ خامنہ ای کا دوٹوک اعلان

تہران/دوحہ/بغداد — خطے میں کشیدگی شدید تر ہو گئی ہے، جب ایران نے شام کے بعد قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح الفاظ میں کہا کہ “دنیا جانتی ہے کہ ایرانی قوم کبھی جھکتی نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی۔ ہم نے کسی پر حملہ نہیں کیا، لیکن دفاع کا حق رکھتے ہیں۔”

ایرانی حملے کو ’آپریشن بشارتِ فتح‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت ایران نے امریکی فوج کی موجودگی والے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی گئیں، اور رپورٹ کے مطابق العدید ایئر بیس پر چھ بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ حملے کے دوران فضا میں شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے، جبکہ امریکی افواج پہلے ہی بیس خالی کر چکی تھیں۔

قطری حکومت نے فضائی حدود بند کر دی ہیں اور متعدد اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ قطر نے ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ “یہ اقدام ناقابل قبول ہے، اور قطر اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔” خوش قسمتی سے، امریکی اڈے پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر عراق میں بھی ایران نے امریکی مفادات کو نشانہ بنایا۔ ایران نے امریکہ کی عین الاسد ایئر بیس پر میزائل داغے جس پر امریکی فضائی دفاعی نظام کو فوری فعال کر دیا گیا۔ بیس پر موجود اہلکاروں کو بنکروں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments are closed.