ایران کے حملے پر متحدہ عرب امارات کا سخت ردعمل: قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے

ابوظہبی/دوحہ — متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے العدید ایئر بیس پر میزائل حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اماراتی وزارتِ خارجہ نے اسے نہ صرف قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، بلکہ اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح پامالی بھی کہا ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ “متحدہ عرب امارات، قطر اور وہاں کے شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ہم قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ “امارات خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے والے ہر قسم کے اقدام کو مسترد کرتا ہے۔” امارات نے ان حملوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، جو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔

اماراتی وزارت خارجہ نے فوری طور پر عسکری کشیدگی ختم کرنے اور تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیان میں سفارتی ذرائع، مکالمے، اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کو موجودہ بحرانوں کے حل کے لیے کلیدی قرار دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ “صرف سنجیدہ بات چیت ہی خطے کے تحفظ، استحکام اور عوام کے امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔”

اس بیان کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک اہم پیغام سمجھا جا رہا ہے، جو ایران کے حالیہ اقدامات سے خائف ہیں اور صورتحال کے سفارتی حل پر زور دے رہے ہیں۔

Comments are closed.