تیراکی کرتے ہوئے مراکش سے اسپین آنے والے 54 بچوں کو بچا لیا گیا

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، مراکش سے تعلق رکھنے والے کم از کم 54 بچے اور تقریباً 30 بڑے افراد سمندر کے راستے تیراکی کرتے ہوئے اسپین کے شمالی افریقی علاقے سیوتا پہنچ گئے۔ان افراد نے شدید دھند اور اونچی لہروں کے باوجود خطرناک سمندری سفر اختیار کیا۔

اسپین کے سرکاری ٹی وی چینل RTVE پر دکھائے گئے مناظر میں دیکھا گیا کہ ہسپانوی سول گارڈ کی کشتیاں مسلسل ان لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ کچھ افراد کو بچا لیا گیا جبکہ کچھ اپنی مدد آپ کے تحت سیوتا تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

تمام بچوں کو عارضی رہائشی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ سیوتا کی مقامی حکومت نے مرکزی حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ:ہمیں تنہا نہ چھوڑا جائے، یہ قومی مسئلہ ہے اور اس کا حل نکالنا ضروری ہے۔

ایسے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ پچھلے سال بھی دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے درجنوں افراد نے اسی طرح تیراکی کرکے سیوتا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ 2021 میں ایک کمسن لڑکا خالی پلاسٹک کی بوتلوں کے سہارے سیوتا پہنچنے کی کوشش کرتا ہوا دیکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسپین کے دو علاقے سیوتا اور میلیا، مراکش کے قریب واقع ہیں اور یہ یورپی یونین کی افریقہ کے ساتھ زمینی سرحدیں ہیں۔ ان علاقوں میں اکثر مہاجرین یورپ میں داخل ہونے کے لیے خطرناک راستے اختیار کرتے ہیں۔

قانون کے مطابق اگر کوئی مہاجر مراکشی ہے اور بالغ ہےتو اسے واپس مراکش بھیج دیا جاتا ہے، البتہ کم عمر بچوں اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو کچھ دن کے لیے پناہ دی جاتی ہے۔

Leave A Reply