کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی رنز مشین کون ؟

اسلام آباد: بھارتی بلے باز روہت شرما سب سے زیادہ رنز کے ساتھ بیٹسمین میں سر فہرست ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ 2019 کے دوران پانچ سینچریز اور ایک ففٹی سکور کی، آٹھ اننگز میں انہوں نے 67 چوکے اور 14 چھکوں کی مدد سے مجموعی طورپر 647 رنز اسکور کیے۔ کرکٹ کے عالمی میلے کے دوران پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں روہت شرما نے 140 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے بیٹسمین ڈیوڈ وارنر ہیں جنہوں نے 9 اننگز کے دوران مجموعی طور پر 638 رنز بنائے، جن میں 3 سینچریز اور 3 ففٹیز شامل ہیں۔ آسٹریلوی بلے باز نے ورلڈ کپ 2019 کے دوران 64 چوکے اور 8 چھکے مارے۔ ڈیوڈ وارنر نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سب سے زیادہ 166 رنز بنائے۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین میں تیسرے نمبر پر بنگلہ دیشی بلے باز شکیب الحسن ہیں جنہوں نے آٹھ اننگز کے دوران 606 رنز بنائے، انہوں نے ورلڈ کپ 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 124 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ شکیب الحسن نے60 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 2 سینچریز جب کہ 5 ففٹیز اسکور کیں۔

اسکور ٹیبل پر چوتھا نمبر نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین کین ولیم سن ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ 2019 کے دوران دو ففٹیز اور 2 سینچریز کی مدد سے مجموعی طور پر 548 رنز بنائے، جن میں 48 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل ہیں۔ ولیم سن نے ورلڈ کپ 2019 کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ میں 148 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

پانچویں نمبر پر آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ ہیں جو ورلڈ کپ 2019 میں اب تک 507 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 سینچریز اور 3 ففٹیز شامل ہیں، انہوں نے اب تک کھیلے گئے میچز میں 47 چوکے اور 18 چھکے مارے۔

Comments are closed.