اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران زیورات، سیمنٹ، کھیلوں کا سامان اور گندم سمیت کئی اشیاء کی برآمدات میں کمی آئی ہے۔
وزارت تجارت کی دستاویزکے مطابق جولائی تا جنوری کے سات ماہ کے دوران زیورات کی برآمدات 17.27 فیصد گرگئی،جولائی تا جنوری زیورات کی برآمدات 28لاکھ 20ہزار ڈالر رہیں جو گذشتہ سال اسی عرصے میں 34لاکھ ڈالرز تھیں رواں مالی سال کے سات ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات 7.71فیصد کمی کے ساتھ 17کروڑ ڈالرز رہیں۔گذشتہ سال اسی عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 18کروڑ 43لاکھ ڈالرز تھا۔
دستاویز کے مطابق کھیلوں کی مصنوعات کی برآمد میں 1.32فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اسپورٹس مصنوعات کی برآمدات 17کروڑ43 لاکھ ڈالرز رہیں جولائی تا جنوری دستانوں کی برآمدات 23.33 فیصد کمی کے ساتھ 4کروڑ 68لاکھ ڈالرز رہیں رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران گندم کی برآمدات میں 88.49فیصدکمی ہوئی۔
دستاویز کے مطابق مصالحہ جات کی برآمدات میں 4.57فیصداورآئل سیڈ کی برآمدات میں 57فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،جولائی تاجنوری کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 3.62فیصد،فرنیچر کی برآمدات میں 13فیصد، پلاسٹک میٹریلز کی برآمدات میں 8.72فیصد،خام تیل 33فیصد اورچینی کی برآمدات میں 14فیصد کمی رکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی برآمدات میں دو اعشاریہ دو فیصد اضافہ ہوا جب کہ درآمدات میں 15.64فیصد اور تجارتی خسارہ 27.93فیصد سے کم ہوا۔
Comments are closed.