کراچی: سندھ میں صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے ضلعی سطح پر اسپتالوں کی حالت بہتر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، سندھ حکومت نے اسپتالوں کے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کردیئے۔
سندھ حکومت نے اسپتالوں کے حالت بہتر کرنے کیلئے ضلعی حکومت، میونسپل کمیٹیز، محکمہ پاپولیشن سمیت تمام ضلعی اداروں کی مدد حاصل کرلی، سندھ حکومت نے ضلع سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں 12 رکنی نگران کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نگران کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون، ضلعی صحت افسر، ٹیکنیکل ہیڈ سول اسپتال ایم ایس، ضلعی پاپولیشن ویلفئیر افسر سمیت 12 ممبر شامل ہوں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق نگران کمیٹی سول اسپتال سے تعلقہ اسپتال، رورل ہیلتھ سینٹرز اور ڈسپینسریز کا جائزہ لے گی۔
نگران کمیٹی اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کرے گی جبکہ خستہ حال اسپتالوں کی مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی پابند ہوگی، نگران کمیٹی میڈیکل و پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بھی کام کرے گی جبکہ کمیٹی اسپتالوں کی بہتری کیلئے فنڈز بھی سندھ حکومت سے حاصل کرسکتی ہے۔
Comments are closed.