آسٹریلیا کو دھول چٹا کر انگلینڈ 27 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

برمنگھم: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر ستائیس سال بعد فائنل میں جگہ بنا لی، انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 224 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں ہاٹ فیورٹ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو دھول چٹا دی اور 27 سال بعد عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی، اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اتوار کو ٹرافی کے قبضے کی جنگ لڑیں گے، دونوں ٹیمیں ایک بار بھی ورلڈ کپ نہیں جیت سکیں جب کہ انگلش ٹیم 40 سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈکپ کا فائنل کھیلے گی۔

ہدف کے تعاقب میں جونی بیرسٹو اور جیسن روئے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر حریف بولرز پر اپنی دھاگ بٹھائی، اس دوران جیسن روئے نے اسمتھ کو 3 لگاتار چھکے بھی لگائے اور نصف سنچری اسکور کی۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ جونی بیرسٹو کی صورت میں گری جو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیسن روئے 85 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور 33 ویں اوور میں 224 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جوئے روٹ اور مورگن 33،33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے مچل اسٹارک بھی ہدف کا دفاع کرنے میں خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے البتہ ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی جس کے لیے انہیں 64 رنز دینے پڑے جب کہ کمنز نے بھی ایک شکار کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیویڈ وارنر نے کیا تاہم دونوں اوپنر صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد پیٹر ہینڈز کومب بھی صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 103 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد اسٹوئنس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم آسٹریلیا کو گلین میکسوئل سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی 22 رنز ہی بناسکے، پیٹ کمنز 6 اور مچل اسٹارک 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ اسٹیو اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم وہ آخری لمحات میں 85 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے 3،3 جب کہ جوفرا آرچر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سیمی فائنل سے قبل راؤنڈ میچز میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دی تھی جب کہ وارم اپ میچ میں بھی آسٹریلوی ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں انگلش سائیڈ کو 12 رنز سے زیر کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

Comments are closed.