پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف آپریٹنگ آفیسر کا انتخاب 4 فروری کو ہوگا

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گورننگ بورڈ کا 57 واں اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے، پی سی بی کے نئے چیف آپریٹنگ آفیسر کا فیصلہ بورڈ 4 فروری کو کرے گا،کرنل ریٹائرڈ اشفاق احمد اور سلمان نصیر میں سے ایک کا انتخاب گورننگ بورڈ کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے 57ویں اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں چیئرمین پی سی بی اور سی ای او اپنی رپورٹس بھی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

 اجلاس میں آڈٹ اکائونٹس کی منظوری اور رپورٹس پر بھی غور ہوگا، اجلاس میں لیگ کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کی پالیسی پر بھی غور ہو گا،سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے آئین سمیت پی سی بی کا اسٹریٹیجک پلان بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

پی سی بی گورننگ بورڈ چیف آپریٹنگ آفیسر کے انتخاب کا فیصلہ اسی اجلاس میں کرے گا،چئیرمین پی سی بی احسان مانی کی سربراہی میں تین رکنی پینل نے کرنل ریٹائرڈ اشفاق احمد اور سلمان نصیر کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔

Comments are closed.