ساؤتھ ایشئن گیمز: میڈلزجیتنے والےکھلاڑیوں میں 1کروڑ سے زائد کے انعامات تقسیم

اسلام آباد: پاکستان سپورٹس بورڈ نے ساؤتھ ایشئن گیمز میں ملک کا نام روشن کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کر دیئے۔

وزات بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستان کی ایتھلیٹکس ٹیم کے 15 کھلاڑیوں میں انعامی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرنے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں ملک کا نام روشن کرنے والوں میں وزیراعظم کے ہاتھوں سے انعامات تقسیم کرانا چاہتی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث یہ تقریب سادہ رکھی گئی۔ عالمی وباء میں مشکلات کا شکار کھلاڑی کیش انعام ملنے پر بہت خوش ہیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز کے میڈل ونر پندرہ کھلاڑیوں میں انعامی رقم تقسیم کی گئی۔ گیمز کے ایتھلیکٹس ایونٹ میں پاکستان نے پانچ گولڈ، دو سلور اور چھ براؤنز میڈل حاصل کیے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر ایک کروڑ، گیارہ لاکھ پچیس ہزار روپے تقسیم کیے گئے۔ گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں میں دس لاکھ کی انعامی رقم فی کس تقسیم کی گئی، سلور میڈلسٹ ٹیم کو پانچ جبکہ براؤنز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو ڈھائی لاکھ فی کس انعامی رقم دی گئی۔

ایتھلیکٹس ٹیم کے انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد ارشد، ندیم احمد،عزیر رحمان، محمد نعیم، محبوب علی، شمس الحق، سمیع اللہ، محمد سعادات، عبدالمتین، نوکر حسین اور محمد شہباز شامل ہیں۔ ویمن کھلاڑیوں میں نجمہ پروین، شاہب اسراء، انلیہ گلزار، رابعہ عاشق، ایشاء عمران شامل ہیں۔

Comments are closed.