لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ 2019 تک سرفراز احمد کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کے معاملات میں تسلسل کی پالیسی پر کاربند ہیں، غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کے لئے باہمی مشاورت سے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین احسان مانی نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں گرین شرٹس نے چیمپئنز ٹرافی فتح سمیت اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں، ٹیم میں اتحاد اور اتفاق کا ماحول ہے، انہوں نے انڈر 19 سے لیکر اب تک بہترین قیادت کی ہے، ٹیم رینکنگ میں نویں نمبر پر تھی اس کو اٹھایا، ہر سیریز کے بعد باتیں شروع ہوجانا اچھی بات نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد دوبارہ معاملات کا جائزہ لیں گے، امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس آئندہ میچز کے بعد ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
Comments are closed.