اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم تیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن بن گئی

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا،میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کاہدف مقررہ 20 ویں اوورکی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عماد وسیم کو آل رائونڈکارکردگی پر میچ جبکہ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے آغاز سے پہلے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کوآتش بازی کے درمیان ریڈ کارپیٹ پر سے گذارا گیا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں رکھی گئی پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کے سامنے سے گزر کرصف بنائی، اس موقع پر قومی ترانہ کی دھن بھی بجائی گئی۔سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ سمیت تمام لوگوں نے قومی ترانہ احتراما کھڑے ہوکرسنا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں پیر کی شب ملتان سلطانز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یاسر خان اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹد کی طرف سے نسیم شاہ نے بائولنگ آٹیک کیا۔

ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں کامیابی کے لئے 160 رنز کا ہدف دیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان نے 26 رنز سکور کیے۔افتخار احمد نے 32 رنزکی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 20گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 23 رنز دےکر 5 جبکہ کپتان شاداب خان نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ملتان سلطانز کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔جواب میں 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ 26 کے مجموعی رنز پر گری، کولن منرو 17 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد آغا سلمان 10 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان

بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پائے اور 4 رنز بنا کرافتخار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔مارٹن گپٹل اور اعظم خان نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت داری قائم کی ، تاہم مارٹن گپٹل انفرادی 50 رنز بناکر بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے جبکہ اعظم خان بھی 30 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں بھی مسلسل گرتی رہیں اور میچ سنسنی خیز ہوتا گیا لیکن عماد وسیم اور نسیم شاہ کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی نے اسلام آباد کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا ہدف آخری گیندپر حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن کی چیمپئن بن گئی۔

ملتان سلطانز کے طرف سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے دو، دو جبکہ ڈیوڈ ویلے، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2016 ، 2018 کا ٹائٹل بھی جیتا تھا اور 2024 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد اس کے ٹائٹلز جیتنے کے تعداد تین ہوگئی ہے۔ عماد وسیم 19 رنزبناکرناقابل شکست رہے اور ان کو آل رائونڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پی ایس ایل کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان کو دیا گیا، پی ایس ایل 9 کے بہترین بائولرکا ایوارڈ ملتان سلطانز کے اسامہ میر کے نام رہا،جبکہ بہترین وکٹ کیپر اعظم خان قرار پائے۔تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بیٹھ کر میچ دیکھا اور بہترین کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پی ایس ایل سیزن نائن کی ٹرافی اٹھاکر جشن منایا اور شائقین کرکٹ کے نعروں کا جواب دیا۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.