بارسلونا میں پاکستانی قونصلیٹ میں یومِ پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت مقامی سیاستدانوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، قونصل جنرل مراد علی وزیر نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
ویلفیئر قونصل چوہدری سالک گوندل نے صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دی اور 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن قیامِ پاکستان کے حقیقی مقاصد کو یاد رکھنے اور بانیانِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بنانے کے لیے ہمیں اپنے عزم کی تجدید کرنی ہوگی۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ہمارا قونصلیٹ عملے کے اعتبار سے چھوٹا ضرور ہے، لیکن کارکردگی میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقامی سیاست میں فعال کردار ادا کرے اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے۔
اس موقع پر قونصل جنرل مراد علی وزیر نے کاتالونیا کی ڈپٹی گورنر ماریہ کارمین گارسیا کو پاکستان کی ثقافت کی علامت سندھی اجرک اور گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا، جس پر انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دی۔
تقریب میں پاکستانی نژاد سوشلسٹ رہنما حافظ عبدالرزاق کو شاندار سماجی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا، جبکہ مقامی سیاستدانوں اور انتظامی اداروں کے نمائندوں کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔
یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے جوش و جذبے، وطن سے محبت اور ملکی سالمیت کے عزم کا بھرپور اظہار تھی، جس میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
Comments are closed.