سائو پالو: برازیل کی حکومت نے بھارت بائیوٹیک سے انسداد کورونا ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کو معطل کردیا ہے۔
برازیل کے وزیرصحت مار سیلو کیویروگا نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے فیڈرل کمپٹرولر جنرل کی سفارشات کے تحت بھارت بائیو ٹیک کے ساتھ ویکسین کی دو کروڑ ڈوزز کی فراہمی کے تیس کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیڈرل کمپٹرولر جنرل اس معاہدے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فیڈرل کمپٹرولر جنرل پورے معاہدے کا جائزہ لینے کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ کرے گا کہ آیا اس معاہدے کو جاری رکھنا ہے یا نہیں، برازیل اور بھارت بائیوٹیک کے درمیان معاہدے پر ایک مقامی کمپنی پریسیسا میڈیکا مینتوس کے ذریعے دستخط کئے گئے تھے اور اس معاہدے پر ملک میں شدید سیاسی طوفان برپاتھا۔
بھارت سے ویکسین خریداری کے اس معاہدے پر ناقدین برازیل کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے جب کہ برازیلین حکومت کی طرف سے مہلک وبا سے نمٹنے میں بدانتظامی کی تحقیقات کرنے والے پارلیمانی کمیشن آف انکوائری نے بھی اس معاہدے کو اپنا بنیادی ہدف بنا رکھا تھا ۔
Comments are closed.