بیجنگ (ما نیٹر نگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپیک کے 28ویں غیر رسمی سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رواں سال چین کی اپیک میں شمولیت کی 30ویں سالگرہ ہے۔ ان 30 سالوں میں چین نے اصلاحات کو مزید گہرا کیا ہے اور کھلے پن کو وسعت دی ہے، جبکہ 30 سالوں میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کو بھی توسیع حاصل ہوئی ہے۔ ایشیا بحرالکاہل دنیا میں ترقی کا طاقتور ترین اور باصلاحیت خطہ بن چکا ہے۔ یہ خطہ ہمیشہ عالمی اقتصادی ترقی میں سرفہرست رہا ہے اور اس نے عالمی اقتصادی ترقی اور خطے کے لوگوں کی خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ” اپیک وژن 2040 کے” نفاذ کو آگے بڑھانا چاہیے اور ایک ہم نصیب ایشیا پیسیفک سماج کی تعمیر کرنی چاہیے جو کھلے پن ،اشراک، اختراعی ترقی، باہمی ربط، اور مشترکہ مفادات و تعاون کا حامل ہو۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ کھلا پن ایشیا بحرالکاہل خطے میں تعاون کی شہ رگ ہے۔خطے میں کھلے پن پر مبنی تعاون پر قائم رہتے ہوئے “اپیک وژن 2040” کی روشنی میں خطے میں اقتصادی یکجہتی کو آگے بڑھانا ہوگا تاکہ اس خطے میں جلد از جلد آزاد تجارتی زون قائم کیا جائے.
انہوں نے نشاندہی کی کہ حقیقی کثیرالجہت پسندی پر عمل درآمد کیا جائے۔ مسابقت کی بجائے مذاکرات پر عمل پیرا رہا جائے ،دوسروں کو علیحدہ یا تنہا کرنے کی بجائے کھلے رویے اور انضمام پر قائم رہا جائے نیز عالمی تجارتی تنظیم کی مرکزی حیثیت سے کثیرالجہتی تجارتی نظام کا تحفظ کیا جائے۔شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اختراع ،عالمی ترقی کی اہم قوت محرکہ ہے۔اختراع کی سمت آگےبڑھتے ہوئے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جائے ، بنیادی ڈیجیٹل تنصیبات کی تعمیر کو مضبوط بنایا جائے ،ڈیجیٹل خلا کو پر کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے اور ڈیجیٹل معیشت کی جامع ترقی کو فروغ دیا جائے ۔ چین ڈیجیٹل دور میں باہمی روابط کو فروغ دینے میں پہل کر رہا ہے اور ڈیجیٹل اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔چین نے “ڈیجیٹل معیشت کے شراکت داری تعلقات کے معاہدے” میں شمولیت کے لیے درخواست پیش کر دی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ رواں سال کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی سوویں سالگرہ ہے۔چینی عوام کی خوشحالی اور عالمی امن و ترقی ،سی پی سی کا ہدف رہا ہے۔ عہد حاضر میں چین نے جدید جامع سوشلسٹ ملک کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔چین کھلے پن کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا اور ایشیا و بحرالکاہل خطے کے ممالک سے چین کے ترقیاتی مواقع کا تبادلہ کرے گا۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ معیشت اور ٹیکنالوجی کا تعاون اپیک تعاون کا اہم جزو ہے جس میں مزید سرمایہ کاری کی جائے تاکہ ترقی پذیر ارکان اس سے استفادہ کر سکیں اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نئی قوت محرکہ میسر آ سکے۔
Comments are closed.