جوہری اثاثوں کی حفاظت کیلئے پاکستانی عزم پراعتماد، قونصلرامریکی محکمہ خارجہ
ڈیرک شولے سے امریکہ میں پاکستانی سفیر کی ملاقات،ہم پاک امریکہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ گہرے طور پر وابستہ ہیں، پاکستانی سفیر سردار مسعود خان
پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولے سے ملاقات کی ہے۔قونصلر شولے نے کہا کہ جوہری اثاثوں کی حفاظت کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور صلاحیت پر امریکہ کو اعتماد ہے۔
پاکستانی سفیر سے ملاقات کے بعد امریکی قونصلر شولے نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وہ سفیر پاکستان مسعود خان سے پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرینہ شراکت داری اور دونوں ملکوں کی عوام اور خطے کے مفاد کے لئے متعدد شعبوں بشمول صحت، زراعت، تعلیم، انٹرپنیو شپ، توانائی اور دیگر شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو مزیدبڑھانے پر بات چیت کرنے کے لئے ملے۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مثبت کردار ادا کرنے پر قونصلر شولے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے قونصلر شولے سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تذویراتی اعتماد کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی۔
پاکستانی سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطحی دوروں، عوامی سطح پر تبادلوں اور ملاپ اور موثر ابلاغ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوتے رہیں گے۔
سفیر پاکستان مسعود خان اور قونصلر شولے کی ملاقات کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لئے اہم سمجھتا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین ایک مضبوط شراکت داری پائی جاتی ہے اور امریکہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کی قدر کرتا ہے۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے حالیہ دنوں میں دونوں اطراف سے اعلیٰ سطحی دوروں جن میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا دورہ امریکہ اور امریکی قونصلر ڈیرک شولے اور یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کا دورہ پاکستان شامل ہیں کا ذکر کیا۔ترجمان کا کہنا تھا ہم پاک امریکہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ گہرے طور پر وابستہ ہیں۔
Comments are closed.