واشنگٹن: امریکہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کے اندر میزائل اور ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایران کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ایران پورے خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا معاون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ روز کے دوران ایران نے بین الاقوامی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے تین پڑوسی ممالک پر حملے کیے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران خود دہشتگردی پھیلانے میں معاون ہے لیکن وہ دوسرے ممالک پر انگلی اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کی جانب سے پاکستان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کی صبح ایران کی جانب سے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے جس کے بعد ایرانی حکام نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے ذریعے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اہم دہشتگرد مارے گئے۔ تاہم اس دعوے کے برعکس حملے میں پاکستانی شہری نشانہ بنے جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے شامل تھے۔ پاکستان نے اس حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ایرانی سفیر کو ملک بدر کرتے ہوئے اپنا سفیر تہران سے واپس بلا لیا ہے۔
Comments are closed.