ویانا: کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف پاکستانی سفارتخانے ویانا میں یوم سیاہ منایا گیا، پاکستانی سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ انتہاء پسند مودی سرکار کی جارحانہ پالیسیاں جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔
یورپی ملک آسٹریا کے شہر ویانا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا،اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی،کشمیری برادری اور آسٹریا کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پرصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی تقریب کے شرکاء کو دکھائی گئی۔
مقررین نے آزادی کیلئے قربانیاں دینے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند کی جائے۔ ویانا میں پاکستانی سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد آر ایس ایس اور بی جے پی کی حکومت مقبوضہ وادی میں ظلم بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافک تبدیلیاں کرکے مسلم اکثریتی علاقوں کو ہندو اکثریتی علاقوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پالیسیاں جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بن چکی ہیں۔
Comments are closed.