بارسلونا: یورپی ممالک نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کارروائیاں تیز کردیں، بھاری رقوم کے عوض لوگوں کو یورپ پہنچانے والے 19 انسانی اسمگلرز سپین سے گرفتار کرلئے گئے۔
سپین نیشنل پولیس نے جرمن پولیس اور یورو پول کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک کے 19 ملزمان گرفتار کیے، یہ نیٹ ورک بھاری رقوم لے کر غریب اور شورش زدہ ممالک کے افراد کو غیرقانونی طور پر سپین جرمنی اور ناروے سمگل کرتا تھا۔
انسانی اسمگلنگ کرنے والا یہ نیٹ ورک 20 ہزار یورو کے عوض مختلف ممالک کے شہریوں کو یورپ پہنچاتے تھے، انسانی اسمگلنگ کے لئے ایشیاء، افریقہ اور یورپ کے زمینی اور فضائی راستے استعمال کیے جاتے تھے، انسانی اسمگلرز نے 25 لاکھ یورو کی رقم اکٹھی کی، یہ انسانی اسمگلر زیادہ تر شامی مہاجرین کو یورپ منتقلی میں ملوث پائے گئے۔
سپین کی نیشنل پولیس نے دیگر ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کاروائی کرتے ہوئے اس تنظیم کا سپین سے خاتمہ کر دیاہے، ان انسانی اسمگلرز میں 14 افراد کو تولیدو، 2 کونیکا، 2 کو میڈرڈ، ایک کو المیریا سے گرفتار کیاگیا۔
سپین نیشنل پولیس کی کارروائی کے دوران مختلف جگہوں کی تلاشی کے دوران 9 ہزار 840 یورو نقد، 5 گاڑیاں، موبائل فونز الیکٹرانک آلات قبضہ میں لئے گئے۔
Comments are closed.