اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کا کاغذات کے حصول کے لئے مظاہرہ

بارسلونا: اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو جلد قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے، پناہ گزینوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں نے گزشتہ روز پلاسہ کاتالونیا کے مقام پر مظاہرہ کیا۔مظاہرہ کرنے والے درجنوں پناہ گزین اسپین میں سکونت کیلئے کاغذات کا مطالبہ کر رہے تھے۔

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے درجنوں مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں، انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انسانیت کے ناطے انہیں بھی اسپین میں بسنے والے دیگر افراد کی طرح حقوق دیئے جائیں۔
ناگزیر وجوہات کی بناء پر دیگر ممالک سے ہجرت کر کے اسپین میں پناہ لینے والوں نے بین الاقوامی انسانی حقوق خاص طور پر خوراک، کام اور رہائش کا حق دینے اور قانونی دستاویزات فراہمی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے ہجرت کر کے یورپ پہنچنے والوں میں سے ہزاروں اسپین میں موجود ہیں، ہسپانوی قوانین کے مطابق غیر قانونی طریقے سے آنے والے غیر ملکی افراد اسپین میں تین سال قیام کے بعد مستقل رہائش اختیار کرنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، مطلوبہ معیارات پر پورا اترنے والوں کو اسپین میں کام کی اجازت سمیت قانونی حیثیت مل جاتی ہے۔مظاہرین میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی باشندےافریقی، عربی اور لاطینی ممالک کے تارکینِ وطن بھی شامل تھے

Comments are closed.