امریکی شہر نیویارک میں شہید ہونے والے پاکستانی نژاد 26 سالہ پولیس افسر عدید فیاض کے نام سے ایک سڑک منسوب کر دی گئی جب کہ 10 ہزار ڈالر کا امدادی چیک بھی شہید کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
نیویارک پولیس کے شہید افسر عدید فیاض کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے باقاعدہ تقریب نیویارک کے لانگ آئی لینڈ کے علاقے ڈیئرپارک میں منعقد کی گئی، جس میں شہید کے والدین، بیوہ اور بچوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ نیویارک پولیس کی فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیا کنسیلا،بروکلین ساؤتھ کے اسسٹنٹ چیف چارلس میک ایوائے، ٹاؤن آف بےبی لون کے سپروائزر، نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر انسپکٹر رانا عدیل، سماجی شخصیت راجا حسن، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کی ممبر نیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر سعدیہ طاہر، پولیس کے اعلیٰ افسران اور اہلکاروں سمیت اہم شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
شہید عدید فیاض کے والد نے اس موقع پر کہا کہ نیویارک پولیس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کا ان کے بیٹے عدید فیاض کا اپنا تھا اور وہ نہایت محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے تھے، انہوں نے علاقے کی سڑک کو ان کے بیٹے کے نام سے منسوب کرنے پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ شہید پولیس افسر کی والدہ نے ناساؤ اور سفوک کاؤنٹیز کے عہدیداران، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے پاس ان کے بیٹے کی یادوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں، شہید کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ناساؤ، سفوک کائونٹیز اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، شہید عدید فیاض اس دنیا سے چلے گئے لیکن وہ ان کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
نیویارک پولیس مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر رانا عدیل نے تقریب میں شرکت پر پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ شہید عدید فیاض کے نام سے آج سڑک کو منسوب کرنے کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم عدید فیاض کو نہیں بھولے اور لواحقین کے ساتھ کھڑے اور تمام عمر ان سے تعاون جاری رکھیں گے۔
سماجی شخصیت راجا حسن کا کہنا تھا کہ شہید عدید فیاض کے اہلخانہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستانی کمیونٹی اپنے شہید ہیرو کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے بتایا کہ شہید کی فیملی کے لئے 10 ہزار ڈالر کا فنڈ اکٹھا کیا گیا، اس رقم کا چیک شہید کے اہلخانہ کے حوالے کیا گیا۔
جب کہ امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کی جانب سے شہید عدید فیاض کے نام سے سکالرشپ پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا، یہ پروگرام کمیونٹی کے نوجوانوں کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مددگار ثابت ہوگا، جس کو سول سروسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمبولینس سروسز کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تقریب میں شریک نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شہید عدید فیاض کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، نیویارک پولیس کی فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیا کنسیلا کا کہنا تھا کہ نیو یارک شہر کے لیے شہید عدید فیاض کی لگن واقعی قابل ذکر تھی۔ 115 میں بطور معاون افسر سروس کے ابتدائی دنوں سے لے کر 66 پریسینکٹ میں ایک پولیس افسر کے طور پر انہوں نے نہایت ایمانداری سے فرائض سرانجام دیے، ہمارے علاقوں کی حفاظت، ہماری کمیونٹیز کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کا عزم واقعی قابل تعریف تھا۔ بروکلین ساؤتھ کے اسسٹنٹ چیف چارلس میک ایوائے، ٹاؤن آف بےبی لون کے سپروائزر رچ شیفر اور عہدیداران کا کہنا تھا کہ عدید فیاض ایماندار، قابل اور نڈر افسر تھے جنہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ اور نیویارک کے عوام اپنے شہید کو کبھی نہیں بھولے گا۔
Comments are closed.