بارسلونا قونصل خانہ پاکستان میں یومِ تشکر کی تقریب، افواجِ پاکستان کو تاریخی فتح پر خراجِ تحسین

قونصل خانہ پاکستان بارسلونا میں معرکۂ حق کی تاریخی فتح پر یومِ تشکر کی ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بارسلونا اور گرد و نواح سے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبولؐ سے ہوا، جس کے بعد ملی نغمے پیش کیے گئے جو شرکاء کے ملی جذبے کو جِلا بخشنے کا باعث بنے۔ خصوصی طور پر مدعو معروف گلوکار قدیر احمد نے ملی نغمہ پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔

قونصل جنرل پاکستان بارسلونا، جناب مراد علی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تشکر کا مقصد نہ صرف افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور شہریوں کو محفوظ رکھا، جو قومی دفاع کی ایک قابلِ فخر مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی بروقت حکمت عملی اور افواج کو مکمل اعتماد دینا ایک قومی بصیرت کا مظہر ہے۔ “یہ نہ صرف عسکری کامیابی ہے بلکہ پوری قوم کے عزم و اتحاد کی علامت بھی ہے،” اُن کا کہنا تھا۔

تقریب میں کشمیری رہنما راجہ مختار سونی اور سماجی شخصیت فرحان مہر نے بھی خطاب کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی، خصوصاً یورپ میں مقیم کمیونٹی، افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ایف آئی اے کے نمائندہ وحید الرحمٰن نے کہا کہ ہم آج یہاں جمع ہو کر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ مادرِ وطن کے دفاع میں ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے ہم دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں۔

تقریب کا اختتام دعا اور وطنِ عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی کلمات کے ساتھ ہوا۔

Comments are closed.