امریکی صدرٹرمپ کے سابق مشیر سٹیو بینن ساتھیوں سمیت فراڈ کے الزام میں گرفتار

امریکا کے فیڈرل پراسیکیوٹر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر برائے سیاسی امور سٹیو بینن کو فراڈ کے الزامات پر گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سٹیو بینن اور دیگر تین رہنماؤں نے ’’ہم نے دیوار تعمیر کی‘‘کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے کی آن لائن مہم شروع کی جس کے ذریعے دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقوم جمع کی گئیں، چاروں ملزمان کو جمعرات کے روز مقامی جج کے سامنے پیش کیا گیا۔

امریکی صدر کے سابق مشیر سمیت چاروں ملزمان پر دھوکہ دہی سے آن لائن چندہ اکٹھا کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، امریکی فوجداری قوانین کے تحت ان الزامات کے ثابت ہونے پر ہر ملزم کو زیادہ سے زیادہ 20 سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

انسپکٹر انچارج فلپ آر بارٹلے کی جانب سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے رقم جمع کر کے اسے حقیقی مقصد سے ہٹ کر استعمال کیا، انہوں نے نا صرف عطیات دینے والوں سے جھوٹ بولا بلکہ فنڈز کے غلط استعمال کو چھپانے کیلئے جعلی رسیدیں بنائیں اور منی لانڈرنگ کے لئے اکاؤنٹ کھلوائے۔

پراسیکیوٹر کے مطابق 66 سالہ بینن نے این جی او کے ذریعے آن لائن مہم سے دس لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی اور اسے ذاتی اخراجات کے لئے استعمال کیا۔ ایک اور 38 سالہ ملزم برائن کولفیگ نے ساڑھے تین لاکھ ڈالر حاصل کر کے اپنی ذات پر خرچ کیے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملزمان نے چندہ اکٹھا کرنے کی مہم کے دوران شہریوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے دیئے گئے عطیات کا سو فیصد استعمال میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے خرچ کیا جائے گا۔ تاہم ملزمان نے لاکھوں ڈالر کا فراڈ کیا۔

Comments are closed.