صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریت (گرین کارڈ) کے حصول کے خواہش مند اور عارضی ملازمت کے لئے امریکا آنے والوں پر پابندیوں میں تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا وباء سے متاثرہ معاشی حالات میں امریکی ورکرز کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے اسی لئے امیگریشن پابندیوں میں توسیع ناگزیرہے۔ اپریل اور جون 2020 کے دوران ٹرمپ انتظامیہ نے 31 دسمبر2020 تک عارضی ملازمین اور گرین کارڈ کے درخواست دہندگان پر پابندی عائد کی تھی،تاہم 2020 کے آخری روز صدر ٹرمپ نے ان پابندیوں میں 31 مارچ 2021 تک توسیع کردی ہے۔
امریکا میں کاروباری برادری کی جانب سے غیرملکی عارضی ملازمین پر پابندی سے متعلق ان قوانین کی سخت مخالفت کی گئی تھی تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے تاجر برادری کی مخالفت کے باوجود امیگریشن پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔دوسری جانب امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن جو 20 جنوری 2021 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے انہوں نے ڈونڈل ٹرمپ کی جانب سے عائد پابندیوں کو تنقید کا نشانہ تو بنایا ہے تاہم عہدہ سنبھالنے کے بعد ان پابندیوں کے فوری خاتمے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔
اکتوبر 2020 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک فیڈرل جج نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد امیگریشن پابندیوں کو معطل کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ عارضی ملازمین پر پابندی سے کاروباری طبقے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور مختلف کاروبار بند ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے فیصلے کیخلاف امریکا کی سرکٹ کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس کی سماعت 19 جنوری 2021 کو مقرر ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا وباء کے آغاز سے اب تک دو کروڑ افراد بے روزگار ہیں اور گزر بسر کے لئے حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے امدادی فنڈ لے رہے ہیں۔
Comments are closed.