کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر نظریہ پاکستان سے غداری کی جا رہی ہے، سراج الحق

رحیم یار خان: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت ہے مودی شیر بن گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو کشمیر پر ایک پیج پر آنا ہوگا۔ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر نظریہ پاکستان سے غداری کی جا رہی ہے۔

رحیم یار خان میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیریوں کو مایوس کیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے میں پی ٹی آئی ناکام ہو چکی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ سے واپسی پر ایک روڈ میپ دونگا، انہوں نے جب سے ٹرمپ سے ہاتھ ملایا ہے خاموش ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں قبرستان کی طرح خاموشی ہے اور جب سے پی ٹی آئی حکومت ہے مودی شیر بن گیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کشمیر کے معاملے پر خاموشی نے مایوس کیا ہے۔ ہمیں دہشت گردی کی طرح کشمیر پر بھی ایکشن پلان بنانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو کشمیر پر ایک پیج پر آنا ہوگا۔ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر نظریہ پاکستان سے غداری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے لیے گڑھا کھود رہی ہے، جلد اس میں گر جائے گی۔ ملک کو گفتار کی بجائے، کردار کے غازیوں کی ضرورت ہے۔ ریاست مدینہ کے دعویدار عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

Comments are closed.