سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈی میک ڈونلڈ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف بول پڑے

میلڈز برو: مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم، جبری پابندیوں اور مسلسل کرفیو سے آگاہی کے لئے برطانیہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈی میک ڈونلڈ کا کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

 برطانیہ کے شمال مشرقی شہروں میں بسنے والوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کرنے کےلیے خصوصی تقریب کا انعقاد تحریک انصاف (میڈلز برو) کی جانب سے کیا گیا۔ جس میں پاکستانی، کشمیری کمیونٹی کے علاوہ برطانوی شہریوں، سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈی میک ڈونلڈ نے تقریب سے خصوصی خطاب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن، پابندیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشدد تشوش کا اظہار کیا۔

اینڈی میک ڈونلڈ نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کو مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

تقریب سے تحریک انصاف میڈلز برو کے صدر عمران عباسی نے بھی خطاب کیا انہوں نے مودی سرکار کی جانب سے محاصرے کے باعث لاکھوں معصوم کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا، پی ٹی آئی میڈلز برو کے نائب صدر اکمل سپرا، سیکریٹری جنرل نجابت رمضان اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عابدہ نیئر نے اپنے اپنے خطابات میں شرکا کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم، کرفیو، اور لاک ڈاؤن کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

Comments are closed.