سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، غاصب فوج نے تازہ کارروائی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کرکے سرچ آپریشن کے نام پر نہ صرف چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا بلکہ فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔
بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے مودی سرکار اور غاصب بھارتی فوج کی جارحیت کیخلاف احتجاج کیا جس میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے قابض فوج نے طاقت کا استعمال بھی کیا۔
واضح رہے کہ پانچ اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو اور محاصرہ جاری ہے، جس کے باعث معمولات زندگی تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انٹرنیٹ سروس سمیت بنیادی حقوق معطل ہیں۔
Comments are closed.