صحت کارڈ وفاقی منصوبہ،آزادکشمیر میں کسی کوسیاسی دکان چمکانےنہیں دیں گے،ارشادمحمود

راولاکوٹ: پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیرکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر کے تمام شہریوں کے لیے قومی صحت کارڈ کا اجراء خوش آئند ہے،وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پاکستان اور آزادکشمیر کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے یہ ایک انقلابی اور تاریخی قدم ہے۔ صحت کارڈ کے ذریعے آزادکشمیر کے تمام شہری ملک کے بہترین ہسپتالوں میں اپنا مفت علاج کراسکیں گے ۔

ارشاد محمود نے واضح کیاکہ وفاقی حکومت خالصتاً انسانی خدمت کے جذبے کی بنیاد پر قومی صحت کارڈ منصوبے کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے اور اپنے منشور کے مطابق اسے عوام کا حق سمجھ کر ان تک پہنچا رہی ہے ، ایسے میں وفاقی حکومت کے اس صاف ، شفاف اور تاریخی منصوبے پرکسی کو اپنی سیاسی دکان چمکانے اور اس فلاحی منصوبے کوہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

  ارشاد محمود نے کہاکہ آزادکشمیر کے شہریوں کو صحت اور معیاری علاج کے سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے، قومی صحت کارڈ کی سہولت کے بعد لوگوں کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہوگی، غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزارانے والے افراد کے لیے قومی صحت کارڈ کسی نعمت سےکم نہیں۔

سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف آزادکشمیر کاکہناتھا کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے بیس لاکھ معذور افراد کے لیے ماہانہ دوہزار روپے امداد کی فراہمی کو کوبھی سراہاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر میں برسراقتدارآکر نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے اور روزگار کی فراہمی کےلیے انقلابی اقدامات کرے گی۔اساس پروگرام کے طرز پر مقامی وسائل سے بھی لوگوں کی مدد کرنے کا نظام وضع کی کیاجائے گا۔

Comments are closed.