اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنونیئر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کا اصل سرمایہ لاکھوں شہدا کی قربانیاں ہیں جنہیں پائیہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تعزیتی ریفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے جو بطل حریت سید علی گیلانی ، شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز،شہیدایس حمید اور کشمیر میڈ یا سروس کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹرشیخ تجمل الاسلام کی یاد میں منعقد ہوا جس کا اہتمام جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے صحافیوں پر مشتمل فورم اوکجا نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
محمود احمد ساغر نے کہا کہ اس وقت فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے وہ پوری دنیا کیلئے چشم کشا ہے کیونکہ سات اکتوبر کو اہل فلسطین نے تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق اسرائیل پر حملہ کرکے دنیا کو بتادیا ہے کہ تمہاری مجرمانہ خاموشی اپنی جگہ لیکن اہل فلسطین اسرائیلی بربریت کو کسی صورت تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں لہذا اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ دعاوں کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو بھی دیوار کے ساتھ لگانے کا سلسلہ جاری ہے ایسا نہ ہو کہ وہ بھی اہل فلسطین کے نقش قدم پر چل پڑیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی خود مضبوط بنانے اور جدوجہد میں سرعت لانے کی ضرورت ہے۔
تعزیتی ریفرنس کے میزبان اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ شہدا کے مشن کے ساتھ وابستگی ہمارے ایمان کا حصہ ہے اتحاد و اتفاق ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی ضمانت ہے۔تقریب سے شہید شیخ عبدالعزیز کے برادر اور حریت رہنما شیخ محمد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور اس کی بدنام زمانہ ایجنسیوں نے کشمیری عوام کا جینا دو بھر کررکھا ہے ایسے میں ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہوگا۔تعزیتی ریفرنس سے اوکجا کے شیخ محمد امین ،حبیب اللہ شیخ اور ڈاکٹر اشرف وانی نے بھی خطاب کیا جبکہ اوکجا کے صدر نعیم الاسد نے فورم کی جانب سے محمود احمد ساغر اور دوسرے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔حریت رہنما زاہد اشرف بھی تقریب میں شریک تھے جبکہ تقریب کے منتظم عبدالطیف ڈار تھے ۔
Comments are closed.