اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو مشروط صوبائی حیثیت دینے کے لئے آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے ایسے کسی بھی اقدام کو کشمیر کاز کے ساتھ دشمنی قراردیا ہے ۔
ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ وفاقی وزارت قانون و انصاف نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے اور مشروط صوبائی حیثیت دیتے کیلئے آئین میں ترمیم کرنے کا ارادہ فیصلہ کیا، اور یہ فیصلہ گلگت بلتستان کی عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکل ایک اور 51 میں اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کو مشروط صوبائی حیثیت دینے کے لئے آئین کے آرٹیکل 257 اور 258 میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، سابق صدر اور وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر، صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم اور امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار خالد محمود سمیت تمام سرکردہ رہنما اور سیاسی جماعت گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے کسی بھی ممکنہ اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیر کاز سے دشمنی قرار دے چکی ہیں۔
Comments are closed.