سردار غلام صادق، قائد عوام اورمحترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے سچے پیروکارتھے،نفیسہ شاہ  

سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق سپیکر آزادکشمیر قانو ن ساز اسمبلی سردار غلام صادق خان نے اپنی 41سالہ سیاسی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے اور محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں کی، مرحوم پیپلز پارٹی کا اثاثہ، قائد عوام اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے سچے پیکر تھے، سردار غلام صادق کا شمار بے نظیر بھٹو اور پارٹی کے وفادار رہنماوں میں ہوتا تھا جو ہر مشکل میں پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ۔ان کی جدوجہد جمہوریت اور غریب عوام کے حقوق کیلئے قابل تقلید مثال ہے ۔

 پیپلز پارٹی رہنما نفیسہ شاہ نے ان خیالات کا اظہار سابق سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار غلام صادق خان کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر ان کے بیٹوں سردار سعود صادق ایڈووکیٹ ،بھائیوں سردار آزاد خان اورسردار مصطفیٰ خان سمیت خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔۔نفیسہ شاہ نے سردار غلام صادق خان کے خاندان کو یقین دلایا کہ جس طرح سردار غلام صادق خان نے اپنی ساری زندگی پیپلز پارٹی کے ساتھ وفا کی ،چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سردار غلام صادق خان کے خاندان کے ساتھ اپنی وفا اور تعاون جاری رکھیں گے۔

 اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدرچوہدری لطیف اکبر ،سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد،سابق ڈپٹی اسپیکر شاہین کوثر ڈار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء سابق سپیکر سردار غلام صادق کی وفات کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر سے پارٹی رہنماوں ، کارکنوں سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد کا ان کی رہائش گاہ آگر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔

واضح رہے کہ سردار غلام صادق نے 1979 میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف احتجاجاً سرکار ی اسکول ٹیچر کے عہدے سے استعفی ٰ دیکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیا رکی ۔ انہوں نے 41 سال تک پیپلز پارٹی کا ترنگا جھنڈا تھامے رکھا اور اسے میں د فن ہوئے ۔ سردار غلام صادق پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ہجیرہ کے آبائی حلقے سے تین مرتبہ کامیاب ہوئے اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر اور پھر اسپیکر آزادکشمیرکے منصب پر فائزرہے ۔

Comments are closed.