اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہ کرکے اپنوں کی زندگی خطرے میں اور ملک کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، جولائی یا اگست میں ملک میں کورونا کیسز میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وباء کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر عوام احتیاط کرلیں تو پاکستان اس تباہی سے نہیں گزرے گا جو دیگر امیر ممالک پر آئی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے احتیاط نہ کی تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے کورونا ختم نہیں ہوتا بلکہ وبا پھیلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی ملک زیادہ عرصے تک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتا کیونکہ اس سے بے روزگاری بڑھتی ہے، تحریک انصاف حکومت کی تمام تر کوششیں کورونا پھیلاؤ کی رفتار کو کم کرنے کے لئے ہیں تا کہ اسپتالوں پربوجھ نہ پڑے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ احتیاط کریں گے تومحفوظ رہیں گے، جدید آکسیجن والے مزید ایک ہزار بستر ملک بھر میں تقسیم کریں گے، پاک نگہبان کے نام سے ویب سائٹ اور ایپ لانچ کررہے ہیں جس سے پتہ چل جائے گا کہ کس شہر میں کتنے بستر دستیاب ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جولائی کےآخر یا اگست کے شروع میں کوروناکیسز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے، لوگ اس وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، وہ ایس او پیز پر عمل نہ کرکے اپنوں کی زندگی خطرے میں اور ملک کو مشکل میں ڈال رہے ہیں۔سب لوگ ماسک ضرور پہنیں کیونکہ اس سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ 50 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
Comments are closed.