اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی چھٹی خصوصی پرواز کورونا کے باعث امریکا میں پھنسے مزید 250 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی، قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی نے شکاگو ائیرپورٹ پر مسافروں کورخصت کیا۔
پاکستانی قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی شکاگو ائیرپورٹ پر ہم وطنوں کی باسہولت واپسی کیلئے کیئے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا اور کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی حکومت پاکستان اور سفارتخانہ، واشنگٹن ڈی سی کی اولین ترجیح ہے۔
وطن واپس جانے کے خواہش مند پاکستانی آئندہ پروازوں کی معلومات کے حصول کیلئے ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں،حکومت پاکستان نے عید سے قبل امریکہ میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی چارٹرڈ پروازوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ اور چاروں قونصل خانوں امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے اقدامات کیئے ہیں، امریکہ میں پھنسے تمام پاکستانیوں کو سفارتخانہ یا متعلقہ قونصل خانے کے ساتھ رجسٹر کیا گیاہے۔
Comments are closed.