کورونا وائرس کا خوف ختم ۔۔۔ یورپ کے کئی ممالک نے سرحدیں کھول دیں

یورپ کے کئی ممالک نے کوروناوباء کے باعث سفری پابندیوں میں 15 جون سے نرمی کرنا شروع کر دی ہے جس کا مقصد مخصوص ممالک کے سیاحوں کو آمد و رفت کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ سیاحت کا فروغ اور معمولات زندگی بحال کرنا ہے۔

بیلجیئم

سفری پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے ہر ملک اپنا الگ ٹائم ٹیبل اور لائحہ عمل اپنا رہا ہے، بیلجیئم نے بھی اپنی سرحدیں 15 جون سے یورپی ممالک کے شہریوں کے لئے کھول دی ہیں، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ اور ناروے کے باشندے بھی بیلجیئم آ جاسکتے ہیں۔

ڈنمارک

ڈنمارک نے 15 جون سے جرمنی، ناروے اور آئس لینڈ کے شہریوں کو سفر کی اجازت دے رکھی ہے جب کہ دیگر یورپی ممالک کے باشندے 27 جون سے ڈنمارک کا سفر کر سکیں گے۔ برطانیہ اور دیگر شینجن ممالک کو سفر کی اجازت دینے کا معاملہ انفرادی طور پر دیکھا جائے گا جس کا طریقہ کار یہ طے کیا گیا ہے کہ ایسے ممالک جہاں پر ایک ہفتے کے دوران 1 لاکھ افراد میں بیس سے کم مریض سامنے آئے ہوں۔

فن لینڈ

فن لینڈ نے بھی ناروے، ڈنمارک، آئس لینڈ، ایسٹونیا، لیٹویا اور لتھوینیا کے لئے 15 جون سے سرحدیں کھول رکھی ہیں، جب کہ دیگر ممالک کے باشندوں کو 14 جولائی کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

اسپین

اسپین کی حکومت نے بین الاقوامی سیاحت کا شعبہ یکم جولائی سے کھولنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے، پندرہ جون سے دو ہفتوں کیلئے اسپین کے جزیروں میں ہزاروں جرمن سیاحوں کو آنے کی اجازت دی گئی، جب کہ اسپین میں نافذ قومی سطح کی ایمرجنسی 21 جون کو ختم ہو گی۔

پرتگال

پرتگال کی حکومت یکم جولائی سے اپنی سرحدیں کھولنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم پرتگال آنے والوں کے لئے پہنچے سے 72 گھنٹے قبل کی کورونا وائرس نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کرنا لازم ہوگا، بصورت دیگر ان کا ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

فرانس

فرانس نے یورپی یونین اور شینجن رکن ممالک کے لئے اپنی سرحدیں 15 جون سے کھول دی ہیں، تاہم اسپین کے شہریوں کو فرانس داخلے کیلئے 21 جون تک انتظار کرنا پڑے گا، جب کہ یورپی یونین کے علاوہ دیگر ممالک کے شہریوں کو فرانس داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جرمنی

جرمنی نے بھی کورونا وائرس کے باعث زمینی راستوں پر قائم کی گئی چیک پوسٹیں ختم  کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو 29 یورپی ممالک کے سفر کی اجازت دے دی ہے جب کہ یورپی یونین کے علاوہ دیگر ممالک کے باشندوں کے سفری پابندیاں یکم جولائی تک برقرار رہیں گی۔

یونان

یونان نے بھی 15 جون سے اپنی سرحدیں کھول کر محدود پیمانے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی ہے تاہم فرانس، بیلجیئم اور اٹلی سمیت بعض ممالک سے آنے والے مسافروں کو یونان پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کروانا اور قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

اٹلی

اٹلی نے تین جون سے برطانیہ، یورپی یونین اور شینجن زون کے ممالک کیلئے اپنی سرحدیں کھول رکھی ہیں، جب کہ دیگر ممالک سے آنے والے سیاحوں کو 14 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ لکسمبرگ نے جرمنی کے ساتھ اپنی سرحد 15 جون سے کھول دی ہے۔

نیدرلینڈ

نیدرلینڈ نے یورپی یونین میں شامل ریاستوں کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے غیرضروری سفر پر پابندی میں یکم جولائی تک توسیع کر دی ہے، یورپی یونین کے رکن ممالک، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے شہری نیدرلینڈ آ جا سکتے ہیں تاہم انہیں 14 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

ناروے، پولینڈ

ناروے نے 15 جولائی سے فن لینڈ اور ڈنمارک کے شہریوں کو ملک میں آنے جانے کی اجازت دے رکھی ہے جب کہ باقی یورپی ممالک کے لئے سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ 20 جولائی کو کیا جائے گا۔ پولینڈ نے بھی اپنی سرحدیں 16 جون سے کھول دی ہیں یورپی ممالک کے شہریوں کیلئے پولینڈ پہنچ کر قرنطینہ کی شرط نہیں رکھی گئی جب کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا  فیصلہ 16 جولائی کو متوقع ہے۔

سویڈن

سویڈن نے یورپی یونین کے رکن ممالک کیلئے ہنگامی اور ضروری وجوہات کی بناء پر سفر کے لئے سرحدیں کھول رکھی ہیں جب کہ 30 جون کو سویڈیش حکام 10 یورپی ممالک کیلئے سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کریں گے، ان ممالک میں بیلجیئم، کروشیا، فرانس، یونان، آئش لینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، پرتگال، سلووینیا، اسپین اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔

سوئٹزرلینڈ، برطانیہ  

سوئٹزرلینڈ نے تمام یورپی یونین رکن ممالک، برطانیہ، نروے، آئس لینڈ کیلئے اپنی سفری پابندیاں پندرہ جون سے ختم کر دی ہیں۔دوسری جانب برطانیہ نے آٹھ جون سے آنے والے غیر ملکیوں اور برطانوی شہریوں کیلئے 14 روزہ قرنطینہ کی شرط عائد کر رکھی ہے، اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لئے اپنے سفر اور رابطے کی تفصیلات بھی دینا لازم ہے۔

البانیہ، بوسنیا

البانیہ نے یکم جون سے زمینی راستے، ساحل سمندر اور ہوٹلز کھول دیئے تاہم وہاں پر 23 جون تک بڑے اجتماع پر پابندی ہے۔بوسنیا نے بھی یکم جون سے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی کھول رکھی ہے جب کمرشل فلائٹ آپریشن بھی بحال ہے۔

چیک ریپلک

چیک ریپبلک نے بھی 15 جون سے اپنی سرحدیں 20 سے زائد یورپی ممالک کے لئے کھول دی ہیں تاہم برطانیہ، فرانس، اسپین اور نیدرلینڈز سے چیک ریپبلک آنے والوں کیلئے کورونا وائرس کا پیشگی ٹیسٹ یا قرنطینہ میں رہنا لازم قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریا

آسٹریانے دیگر یورپی یونین کے رکن ممالک سے آنے والوں کیلئے قرنطینہ کی شرط 16 جون کو ختم کی تاہم برطانیہ، سویڈن، سپین اور پرتگال سے آنے والوں کو بدستور قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے، جب کہ گزشتہ ہفتے آسٹریا نے اٹلی کے علاوہ دیگر تمام پڑوسی ممالک کیلئے زمینی راستےکھول دیئے ہیں۔

روس

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر روس کی جانب سے سفری پابندیاں بدستور جاری ہیں، روس نے سفارتکاروں، ایئرلائنز کے سٹاف اور مستقل رہائش رکھنے والوں کے علاوہ دیگر افراد کو روس داخلےکی اجازت نہیں ہو گی۔

Comments are closed.