شیخوپورہ میں مسافر ویگن اور ٹرین حادثے میں ہلاک سکھوں کی آخری رسومات ادا
خیبرپختون خوا حکومت نے شیخور پورہ حادثے کی تحقیقات اور ذمہ داران کو سزا دینے کا مطالبہ کردیا
پشاور: شیخوپورہ میں مسافر ویگن کے ٹرین کی زد میں آنے کے باعث جان کی بازی ہارنے والے سکھوں کی آخری رسومات نوشہرہ میں ادا کر دی گئیں۔
شیخوپور کے قریب المناک حادثے کا شکار ہونے والے سکھوں کی لاشیں پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے پشاور پہنچائی گئیں جہاں سے انہیں گوردوارے لایا گیا، اس موقع پر سکھ برادری کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔مرنے والے سکھوں کے لواحقین غم سے نڈھال نظر آئے، سکھوں کی آخری رسومات نوشہرہ میں ادا کر دی گئیں۔
دوسری جانب خیبرپختوںخوا حکومت نے شیخور پورہ حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے، صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نےکہا ہے کہ ٹرین حادثے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئے، جس کی غلطی ہو اس کو سزا ملنی چاہیئے، صوبائی حکومت سکھ برادری کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ ضلع شیخوپورہ میں فاروق آباد پھاٹک کے قریب مسافر ویگن کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 20 سکھ یاتری جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
مسافر ویگن میں سکھ خاندان سوار تھا جس کا تعلق پشاور سے تھا، خاندان کے تمام افراد قریبی عزیز کی فوتیدگی پر ننکانہ صاحب آئے تھے، ننکانہ سے واپس پشاور جاتے ہوئے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، ڈی ای این کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سمیت ملک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔
Comments are closed.