اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا امریکی وزارت خارجہ اور پینٹاگون کے دورے۔۔۔ وزیر خارجہ، سیکرٹری دفاع اور دیگر عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ باہمی عزت کی بنیاد پر امریکا سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پینٹاگون آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے استقبال کیا۔
قائم مقام سیکرٹری دفاع رچرڈ سپنسر اور چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی سے ملاقاتوں میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی عسکری قیادت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وزارت خارجہ میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل میں موثر پیش رفت اور دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کی ملاقات کے تناظر میں باہمی تعلقات بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی بہتری کو بہت اہمیت دیتا ہے مگر یہ تعلقات باہمی عزت، اعتماد اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔
Comments are closed.