لندن: برطانوی کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر نے بھارت سے کہا ہے کہ اس نے آرٹیکل 370 ختم کر کے کشمیری عوام کو دھوکہ دیا، مودی سرکار کی اس حرکت سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی تشخص کے خاتمے کے بعد برطانوی کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر نے بھارتی حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔ جس میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔
پارلیمانی گروپ نے برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر مسز روچی گھنشام کے نام خط میں لکھا ہےکہ آرٹیکل 370 کا یکطرفہ خاتمہ، کشمیری عوام سےدھوکہ ہے، بھارتی حکومت کے اقدام سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا ، بھارتی زیرتسلط کشمیر میں مزید نیم فوجی دستے بھیجنا تشویشناک ہے ۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے نہتے معصوم شہریوں پر کلسٹر بموں کا استعمال انتہائی خطرناک ، اسلحہ کنونشن اور عالمی انسانی حقوق قوانین کی خلاف ورزی ہے، کشیدہ صورتحال کی وجہ سے برطانیہ اور جرمنی نے اپنے شہریوں کیلئے کشمیر پر خصوصی سفری انتباہ جاری کیا۔ پارلیمانی گروپ نے7اگست کو بھارتی حکام سے ملاقات کا عندیہ بھی دیا ہے ۔
Comments are closed.