راولپنڈی: پاک فوج نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر لائن آف کنٹرول پر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان کا جواب 27 فروری سے بھی زیادہ سخت ہو گا۔ میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں بھارتی جنرل کا ایل او سی سے دراندازی کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان پر مہم جوئی کا جواب 27فروری سے زیادہ سخت ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر کاروائی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی جنرل نے الزام لگایا کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول سے دراندازی کرا رہی ہے، بھارتی جنرل کا بیان ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہے، جس سے بھارت کا ایک اورجھوٹ بے نقاب ہوگیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارتی میڈیا میں مکمل بلیک آؤٹ ہے،
جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں ایسا نہیں ہے،اقوام متحدہ کا فوجی مبصر مشن آزاد کشمیر میں کہیں بھی جاسکتا ہے، کیا بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں ایسا ممکن ہے؟
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہزاروں بھارتی فوجی دہائیوں میں بہادر کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبا نہیں سکے، مقبوضہ کشمیر میں حالیہ اضافی فوج بھی ناکام ہو گی۔
Comments are closed.