لندن : مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات اور مظلوم کشمیروں پر بڑھتے مظالم دیکھتے ہوئے عالمی برادری خاموشی توڑنے پر مجبور ہوگئی ہے۔برطانوی پارلیمنٹ کے 45 ارکان نے کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ دیا۔
برطانوی پارلیمنٹ کے 45 ارکان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے جس میں انھیں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کرنے کیلئے کیے گئے غیرآئینی اقدام کو رکوانے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط رکن پارلیمنٹ فیصل رشید کی طرف سے لکھا گیا ہے جس پر باقی 44 برطانوی پارلیمنٹیرینز نے دستخط کر کے اس کی توثیق کی۔
خط میں کہا گیاہے کہ بھارت کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 کی تنسیخ سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ اس تشویشناک صورتحال میں اپنا کردار اداکرے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو لگا دیا گیا۔ مقبوضہ علاقے میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کر کے نہتے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔
Comments are closed.