لیاقت پور: رحیم یارخان کے قریب تلواری اسٹیشن پر تیز گام ایکسپریس کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، حادثے میں کم از کم 74 مسافر جاں بحق جب کہ90 زخمی ہوگئے، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے آن کی آن میں تین بوگیوں کو مکمل طور پر جلا دیا، بوگیوں میں سوار افراد جھلس گئے اور سامان مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ ریسکیو1122 اور پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ جب کہ زخمیوں کو لیاقت پور اور رحیم یار خان کے اسپتالوں میں پہنچایا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریل گاڑی میں سوار تبلیغی جماعت کے کچھ افراد سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے گیس کا چولہا پھٹنے سے آگ لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، وزیر ریلوے کے مطابق آگ 3، 4 اور 5 نمبر بوگی میں لگی، متاثرہ بوگیوں میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے۔ آگ بجھا دی گئی ہے، جب کہ زخمی مسافروں کو لیاقت پور پہنچا دیا گیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا آگ اکانومی کلاس میں لگی، مسافروں نے ٹرین سے کود کر جان بچائی، کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں، شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا جا رہا ہے، بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تحقیقات کریں گے مسافر سلنڈر لیکر کون سے سٹیشن سے چڑھے۔ محکمہ ریلوے نے معلومات کیلئے ہیلپ لائن 03008060780 جاری کر دی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی ، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف امدادی کارروائیوں میں شریک ہوئے جب کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر نے شدید زخمی افراد کی بروقت اسپتال منتقلی کو یقینی بنایا۔
ادھر رحیم یار خان حادثے کے بعد لاہور جانے والی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنز پر روک لیا گیا، خیبر میل کو صادق آباد، گرین لائن کو ترنڈہ سوائے خان روکا گیا، بہاؤالدین ذکریا ایکسپریس خانپور، سرسید ایکسپریس سہجہ اسٹیشن،شاہ حسین ایکسپریس لیاقت پورسٹیشن پرموجود ہیں۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان نے رحیم یارخان کے قریب تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا عمران خان نے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
Comments are closed.