مسئلہ کشمیرعالمی عدالت انصاف میں لےجانےسمیت دیگر پہلو زیر غورہیں، عائشہ فاروقی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پوری دنیا میں سب سے بڑا ملٹری زون بن چکا، مسئلہ کشمیر عالمی عدالت انصاف میں لے جانے سمیت کئی قانونی اور سیاسی پہلو زیر غور ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پانچ فروری کو پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ 6 ماہ قبل بھارت نے یکطرفہ اقدام کے ذریعے غاصبانہ اقدام اٹھاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا۔ جو کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔

ایک سوال کے جواب میں عائشہ فاروقی نے بتایا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلے کے تمام پہلوؤں پر غور ہو رہا ہے۔ جس میں اس تنازعہ پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کوئی ‘ایونٹ’ نہیں بلکہ ایک ‘پراسیس’ ہے۔

وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اورمہاتیرمحمد کے درمیان ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ کشمیر کا معاملہ اٹھانے پر وزیراعظم نے مہاتیر محمد کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترکی اور پاکستان دوہری شہریت کے معاملے پر معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، جس سے قبل دونوں اطراف سے معلومات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان مذاکرات کو دیکھ رہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ مذاکرات منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

پارلیمنٹیرینز کی جانب سے وزارت خارجہ اور دفتر خارجہ کی کارکردگی پر اٹھائے گئے سوالات سے متعلق عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستانی خارجہ پالیسی کا ویژن اعلیٰ قیادت دیتی ہے اور اس کو آگے بڑھانے کے لئے وزیر خارجہ احکامات دیتے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے سدباب پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مسلسل اپ ڈیٹس دی جا رہی ہیں۔ چین کا ووہان شہر ٹرانسپورٹیشن کیلئے بند ہے۔ چینی حکومت ناصرف پاکستانی طلبہ بلکہ تمام شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی حالت بہتری کی جانب جا رہی ہے۔

Comments are closed.